اسلام آباد (لیہ ٹی وی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مالی کرپشن اور عہدے کے ناجائز استعمال پر دو ملازمین کو برطرف کر دیا۔ برطرفی کا یہ فیصلہ ایک شہری شاہد اقبال کی شکایت پر کیا گیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مذکورہ ملازمین نے وزارت خارجہ میں نوکری دلانے کے لیے اس سے رقم وصول کی تھی۔ پیمرا کے مطابق برطرف ہونے والوں میں قاسم عباس سابق ڈپٹی ڈائریکٹر پیمرا ریجنل آفس گوجرانوالہ اور مجاہد عباس سابق جونیئر اسسٹنٹ پیمرا ریجنل آفس ملتان شامل ہیں۔ مزید یہ کہ دونوں ملازمین پر ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ پیمرا کا کہنا ہے کہ ادارے میں بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی ملازم کو بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔