ملتان (لیہ ٹی وی)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس میں جنوبی پنجاب میں آئی ٹی پارک کے قیام کے لئے قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔گول میز کانفرنس ڈی ایچ اے رومینزا میں منعقد کی گئی جس میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے نمائندوں، صنعت کارروں، پروفیسرز اور تمام سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے آئی ٹی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ملتان چیمبرآف کامرس کے صدر میاں راشداقبال، نائب صدر عاصم سعیدشیخ، چیمبر کے ممبران ،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈی جی ای گورنس ساجد لطیف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔آئی ٹی گول میز کانفرنس میں منظور کردہ قرار داد کے مطابق معاشی ترقی، جدت اور روزگار کی فراہمی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کلیدی کردار ہے اور آئی ٹی پارک کے قیام سے سرمایہ کاری آئے گی اور ملٹی نیشنل کمپنیاں خطے کا رخ کریں گی جبکہ آئی ٹی پالیسی سے واضح وژن، فریم ورک، اور روڈ میپ کا تعین ہوگا۔
متن میں مزید کہا گیا کہ ملتان میں آئی ٹی پارک کے قیام کے بعد اس کا دائرہ کار پورے جنوبی پنجاب تک بڑھایا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے آئی ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار معاشی ترقی کے لئے آئی ٹی کی ترقی بہت ضروری ہے اس لئے جنوبی پنجاب میں آئی ٹی پارک کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی پارک جدت، انٹر پرینیورشپ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے مرکز کے طور پر کام کرے گا،سرمایہ کاری کا سبب بنے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور ہیومن کیپٹل بڑھے گا جبکہ آئی ٹی پارک کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور محققین کو سازگار ماحول فراہم کرے گا اور مقامی ٹیلنٹ اور انسانی ترقی کو فروغ دے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹرینے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ آئی ٹی پارک کے قیام کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھائے گا۔فواد ہاشم ربانی نے آئی ٹی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ملتان چیمبر آف کامرس عہدیداران کو م مبارکباد دی۔ صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں راشد اقبال نے کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروبار میں وسعت اور جدت کے لئے کوشاں ہے اور جنوبی پنجاب کے ہر شعبے میں ترقی کا خواہاں ہے۔ ایم سی سی آئی کے نائب صدر عاصم سعید شیخ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب میں 200 آئی ٹی کمپنیاں کام کررہی ہیں اور 4لاکھ فری لائنسر اس شعبے سے وابستہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں آئی ٹی سےوابستہ ریسورسز موجود نہیں جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب سے آئی ٹی کمپنیاں دوسرے شہروں میں شفٹ ہورہی ہیں۔عاصم سعید شیخ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں آئی پارک کا قیام سے ہر شعبے کو ترقی ملے گی اور آئی ٹی سے وابستہ مسائل حل ہونگے۔