لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور وزیرتعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات کے تحت ضلع لیہ میں سٹیم مقابلہ جات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول لیہ میں سٹیم مقابلہ جات کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی مہارتوں کو دیکھتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیہ شبیر احمد ڈوگر تھے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر عبدالقیوم خان، متعلقہ افسران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیم مقابلہ جات طلبہ میں سائنسی سوچ، تحقیق، جدید مہارتوں اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سٹیم ایجوکیشن کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیہ کے طلبہ نے ہمیشہ مختلف مقابلہ جات میں بہترین کارکردگی دکھا کر ضلع کا نام روشن کیا ہے۔اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

