لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈی ایس پی پٹرولنگ لیہ راؤ عمر فاروق نےکہا ہے کہ ضلع میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیاجائے حکومت پنجاب کے نافذ کردہ صوبائی موٹر وہیکلز آرڈیننس 2025 کے بعد ٹریفک قوانین، وہیکلز رجسٹریشن اور روڈ یوزرز کے حوالے سے اہم قواعد و ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے نئے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ تمام ٹرانسپورٹرز اپنے ڈرائیوران کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائیں کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف ڈرائیور بلکہ ٹرانسپورٹ کمپنی مالکان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری انتہائی ضروری ہے بغیر لائسنس گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی جبکہ اوورلوڈنگ اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ “فوکس سموگ کمپین” کے تحت عوام الناس میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچرز دیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر ہو اور حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔گزشتہ ماہ کی کارکردگی بتاتے ہوئے ڈی ایس پی پٹرولنگ راؤ عمر فاروق نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس ضلع لیہ نے اوورلوڈنگ اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف 166 مقدمات درج کیے، 8396 ڈرائیوران کے خلاف چالان کیے گئے جبکہ 192 شہریوں کو دورانِ سفر مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ای-ایپ کے ذریعے 2 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے، جبکہ دوران چیکنگ 2 چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کیے گئے 385 بغیر رجسٹریشن اور بغیر کاغذات موٹرسائیکلیں تھانہ میں بند کی گئیں۔ڈی ایس پی پٹرولنگ راؤ عمر فاروق نے آخر میں کہا کہ پٹرولنگ پولیس کے جوان دن رات عوام الناس کی خدمت اور حفاظت کو عبادت سمجھتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

