لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات پرمدرسہ اشرف المدارس لیہ میں ووٹ کی اہمیت اور اس کے اندراج کے بارے میں سیمینارمنعقدہوا۔ اسسٹنٹ الیکشن کمشنر غلام فرید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ووٹ کا استعمال طلباء کا جمہوری حق ہے اوریہ عمل ان کوایوانِ اقتدار تک رسائی دیتا ہے ووٹ ایک قوم کی امانت ہے جس کے ذریعے وہ اپنے صحیح نمائندے منتخب کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مدارس کے طلباء کو ووٹ کی اہمیت اور اس کے اندراج سے آگاہ کرنا ہے مدرسہ کے طلباء جن کی عمر 18سال یا اس سے زائد ہو چکی ہے وہ نادرا سے اپنا شناختی کارڈ حاصل کر کے اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں الیکشن کمیشن کی جانب سے 8300کی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنے ووٹ کی معلومات چیک کی جاسکتی ہے کسی بھی تبدیلی یا درستگی کی صورت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pkسے فارم نمبر 23,22,21برائے اندراج،اخراج، منتقلی اور کوائف کی درستگی کیلئے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں یا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر طلباء میں سوال وجواب سیشن منعقد کرایاگیا اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

