لیہ (نمائندہ شناور)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈی جی خان ڈویژن کے طلبہ و طالبات میں 1,645 لیپ ٹاپس اور 1,696 ہونہار اسکالرشپس کے تحت 1.93 کروڑ روپے تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام،ڈیرہ غازی خان اور لیہ کی یونیورسٹیوں کے لیے 3 ارب روپے کے تاریخی تعلیمی فنڈز، اور "نواز شریف سینٹر آف ایکسیلنس برائے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن” کے قیام سمیت کئی بڑے تعلیمی منصوبوں کا اعلان کیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ طالبات نے استقبال کے نعرے لگائے جبکہ پورا پنڈال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔ یونیورسٹی آف لیہ کی طالبہ طالیہ زیست بھٹہ نے وزیراعلیٰ کو منظوم خراجِ تحسین پیش کیا۔ درجنوں طلبہ و طالبات نے وزیراعلیٰ کو ہاتھ سے بنے ہوئے پنسل اسکیچز اور پورٹریٹ پیش کیے۔ مریم نواز نے طالبات کو گلے لگایا، بچوں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور والدین کے جذبات کو سراہا۔تقریب میں تلاوتِ قرآن و نعتِ رسولؐ پیش کرنے والے طلبہ کو تحائف دیے گئے، جبکہ لیہ اور ڈی جی خان کی میوزک سوسائٹی کے نوجوانوں نے "اے میرے نوجواں” جیسا ملی نغمہ پیش کیا جس پر وزیراعلیٰ نے طلبہ کو سراہا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ ریاست کو ماں بن کر سوچنا ہوگا، جن بچوں کے والدین کے پاس وسائل نہیں ان تک ریاست خود پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ کوئی بچہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ کی رقم 20 سے 50 لاکھ روپے تک اور لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے 40 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے تاکہ طلبہ خودمختار ہوں۔انہوں نے کہا28 مئی 1998 کو نواز شریف نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر ایٹمی قوت بنایا، اب کوئی دشمن حملے کی جرأت نہیں کرتا۔نوجوان اپنی طاقت پہچانیں، قوم کے لیے خود بنیان مرصوص بنیں۔وزیراعلیٰ نے 110 ارب روپے کے فنڈ سے ایک سال کے اندر پنجاب کے تمام اسکولوں میں کلاس رومز، واش رومز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا "ارلی چائلڈ ایجوکیشن سینٹر” چھ ماہ میں مکمل ہو چکا ہے اور مزید مراکز پورے صوبے میں قائم کیے جائیں گے۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کو اسٹیج پر بلا کر شاباش دی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ روز رات 12 بجے تک عوام کے لیے کام کرتی ہیں اور بچوں کے خواب پورے کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔وزیراعلیٰ نے آرمی چیف، ایئر چیف اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاجو ملک و قوم کے محافظوں کا احترام کرتے ہیں وہ سر اٹھا کر جیتے ہیں جبکہ فتنہ پھیلانے والے تاریخ کے کوڑے دان میں جا چکے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اداروں، شہدا اور قومی اثاثوں کا تحفظ کریں، فتنہ انگیز عناصر سے ہوشیار رہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ9مئی، 10 مئی اور 28 مئی نے بتا دیا کہ کون ترقی اور دفاع کے ساتھ ہے اور کون تخریب کاری کے ساتھ کھڑا ہے۔بچوں کو ملنا ہو تو میرے پاس وقت ہی وقت ہے، ان کی خوشی میری ترجیح ہے” کہہ کر انہوں نے تقریب کا اختتام کیا۔

