لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی )استحکام پاکستان پارٹی ضلع لیہ کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں ایک پرتکلف چائے کی تقریب گیلانی پبلک سیکرٹریٹ لیہ میں منعقد ہوئی، جس کی میزبانی معروف سیاسی رہنما صدر استحکام پاکستان پارٹی جنوبی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے کی۔تقریب میں پارٹی کے ضلعی صدر، جنرل سیکرٹری، تحصیل، شہری و یونین سطح کے نمائندگان سمیت دیگر سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معرکہ حق کنونشن کے شاندار انعقاد پر تمام عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ سید رفاقت علی گیلانی نے نو منتخب ٹیم کی فعالیت اور تنظیمی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پارٹی کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔تقریب میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل، تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم اور یونین کونسل کی سطح تک پارٹی کو فعال کرنے سے متعلق اہم مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں جن پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ پارٹی کی نظریاتی بنیاد کو مضبوط کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کیا جائے گا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نوجوان قیادت کو متحرک کرتے ہوئے ضلع بھر میں تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط کیا جائے گا تاکہ استحکام پاکستان پارٹی ایک مؤثر سیاسی قوت کے طور پر ابھر سکے۔تقریب میں شریک پارٹی عہدیداران نے اس خوشگوار نشست کو نہایت اہم اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیادت کی جانب سے اعتماد اور رہنمائی ان کے حوصلے کو دوچند کرے گی۔ انہوں نے مکمل اتحاد، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ پارٹی کے اہداف کے حصول کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔گیلانی پبلک سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس مشاورتی تقریب نے نہ صرف نو منتخب عہدیداران کی حوصلہ افزائی کی بلکہ آئندہ کی حکمت عملی کے لیے ایک مؤثر سنگ میل بھی ثابت ہوئی ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی لیہ میں ایک متحرک تنظیم کے طور پر اپنا وجود مستحکم کرنے کی جانب رواں دواں ہے۔
