کراچی (لیہ ٹی وی ) معروف اداکار فیروز خان کی والدہ صوفیا ملک نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران اپنے بیٹے کی زندگی کے کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ فیروز خان اور اداکارہ سجل علی کے درمیان ماضی میں رومانوی تعلق رہا ہے۔
صوفیا ملک نے سجل علی کو ایک "بہت اچھی اور پیاری بچی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیروز خان کے نصیب میں نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیروز دل کے بہت اچھے اور نرم مزاج انسان ہیں لیکن ان کا غصہ تیز ہے۔
سابقہ بہو علیزہ سلطان سے متعلق سوالات پر صوفیا ملک نے بیٹے پر تشدد کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ "اونچی آواز میں بولنا تشدد نہیں کہلاتا۔ مرد کبھی کبھار اونچا بول سکتا ہے، عورت کو اسے برداشت کرنا چاہیے۔”
اداکارہ حمیمہ ملک کے متنازع بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ایک اداکار وہی کرتا ہے جو کردار اسے دیا جاتا ہے اور اس پر بات کرنا مناسب نہیں۔
یہ انکشافات فیروز خان اور ان کے مداحوں کے لیے ایک نئی بحث کا آغاز کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ فیروز خان اور سجل علی ماضی میں ایک ساتھ ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، اور مداحوں نے ان کی جوڑی کو بے حد پسند کیا تھا۔