لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔ سالہاسال سے التواء کا شکار جائداد کے تنازعات دنوں میں حل ہونے لگے۔ حقدار حق ملنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کے لئے دعا گو۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، ندیم ارشد، محبوب اقبال ہنجرا، ڈی ایس پیز عمران خورشید، عبدالرزاق، محمد کلیم، پی ایس او محمد شریف اور متعلقہ ریونیو افسران بھی موجود تھے۔ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں جائیداد پر قبضہ واگزاری سے متعلق 35 درخواستیں پیش کی گئیں جن میں تحصیل لیہ کی 20، تحصیل کروڑ لعل عیسن کی 7 جبکہ تحصیل چوبارہ کی 8 درخواستیں شامل تھیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے درخواستوں پر فریقین کا موقف سنا اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ریونیو سٹاف سے تفصیلات معلوم کرنے کے بعد قبضہ واگزاری کی ہدایات جاری کیں۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر 4 درخواستوں کو داخل دفتر کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی بے بس افراد کی فوری داد رسی کا فورم ہے۔ ریونیو سٹاف اور پولیس یتیم بچوں، بیواؤں اور بے بس افراد کی ملکیتی اراضی پر قابض افراد سے رقبہ کی واگزاری کروائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو افسران اور سٹاف کی مکمل معاونت کی جائے اور قابضین کے خلاف جہاں ضرورت ہو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

