لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) چوک اعظم کے قریب ٹیل منڈا نہر میں 18 سالہ نوجوان پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 نے فوری طور پر ایمبولنس، فائر وہیکل اور ریسکیو وہیکل موقع پر روانہ کیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے لائن سرچنگ کے طریقہ کار کے تحت تلاش جاری رکھی اور آدھا کلومیٹر کے فاصلے پر کچھ ہی دیر میں لاش کو تلاش کرلیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت غلام حسین ولد میر خان عمر 18 سال سکنہ کوئٹہ کے نام سے ہوئی۔تحقیقات کے مطابق نوجوان ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کنڈکٹر تھا۔ کھانا کھانے کے بعد نہر کے کنارے ٹرک دھونے کے دوران پانی بھرنے کیلئے آگے بڑھا تو پاؤں پھسلنے سے نہر میں جا گرا۔ قریب سے گزرنے والے اسکول کے بچوں نے اسے ڈوبتے دیکھا اور اہلِ علاقہ کو اطلاع دی، جنہوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔ریسکیو ٹیموں نے لاش کو ٹی ایچ کیو اسپتال چوک اعظم منتقل کر دیا۔

