لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ضلع لیہ کی تاریخ میں پہلی ڈویژنل سطح کی تقریب پذیرائی کونسل آف ریسرچ اینڈ لٹریچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت لیہ اور سپیریئر یونیورسٹی کے اشتراک سے ماہ فروری میں منعقد ہوگی۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ لیہ نثار احمد خان سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر غلام مصطفیٰ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں طے پایا کہ ادب کی تین صنفوں شاعری، تاریخ اور نثر نگاری کے بہترین مصنفین کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ڈویژن بھر کے مصنفین کو اپنی سال 25-2024 کی تصانیف کی دو،دو کاپیاں 10 جنوری تک ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس لیہ ارسال کرنا ہوں گی۔ مصنفین کی تصانیف متعلقہ شعبہ کی جیوری کو دی جائیں گی جو ماہ فروری کے پہلے عشرے میں نتائج مرتب کریں گے۔ بعد ازاں بہترین مصنفین کو ایوارڈز دینے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ نثار احمد خان نے ایکزیکٹیو ڈائریکٹر کونسل آف ریسرچ اینڈ لٹریچر ( کورل) غلام مصطفیٰ کی ان کاوشوں کو علم و ادب کی ترویج اور شاعروں، ادیبوں کی پزیرائی کا بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ علم و ادب کا گہوارہ ہے اور اس طرح کے پروگراموں سے نوجوان نسل میں کتب بینی اور علم و ادب سے شغف رکھنے کا جذبہ پروان چڑھے گا۔
