لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کے تحت دارالامان لیہ میں مقیم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیر اینڈ بیت المال کے زیرِ اہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں غیر سرکاری تنظیم ماری اسٹوپس کے تعاون سے دارالامان میں رہائش پذیر خواتین میں ہائی جین کٹس اور گرم چادریں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر صائمہ سیماب، سپرنٹنڈنٹ شیلٹر ہوم سعدیہ تبسم، ڈسٹرکٹ آفیسر ماری سٹوپس نوید ظفر سمراء، سماجی کارکن ناصر شاہ، محمد فہد شفقت سمیت دیگر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر صائمہ سیماب نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے حکومت پنجاب مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور دارالامان میں رہنے والی خواتین کو تحفظ کے ساتھ باوقار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات سے گزرنے والی خواتین کو باوقار اور محفوظ رہائش مہیا کی جا رہی ہے اور ان کی صحت، رہائش اور ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی جین کٹس اور گرم چادریں مہیا کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ سرد موسم میں خواتین کو زیادہ سہولت مل سکے۔ڈسٹرکٹ آفیسر ماری سٹوپس نوید ظفر سمراء نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی صحت اور بہبود کے لیے ماری سٹوپس ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حفظانِ صحت سے متعلق ضروری اشیا کی فراہمی سے خواتین کو محفوظ ماحول میسر آئے گا اور ان کی روزمرہ ضروریات بہتر طور پر پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے دارالامان میں رہنے والی خواتین کے لیے سہولیات کا معیار مزید بہتر ہوگا۔تقریب کے اختتام پر خواتین میں ہائی جین کٹس تقسیم کی گئیں۔

