لاہور (لیہ ٹی وی) ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز (کالجز) پنجاب نے تمام سرکاری اور نجی کالجز میں غیر اخلاقی اور غیر مہذب سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کالجز میں فن فئیر، اسپورٹس گالا اور دیگر تقریبات کے دوران بھارتی گانوں پر رقص اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں، جس پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز (کالجز) ڈاکٹر سید انصر اظہر کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن (کالجز) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے کالجز کو اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کریں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے مقدس مقامات ہیں جہاں معیاری تعلیم فراہم کی جاتی ہے اور ایسی سرگرمیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی کالج میں ان ہدایات کی خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ پرنسپل، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز نے اس معاملے کو انتہائی اہم اور فوری نوعیت کاقرار دیا ہے اور تمام متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔