لاہور (لیہ ٹی وی) پنجاب حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈیجیٹل میڈیا ونگ (ڈی ڈی ایم ڈبلیو) تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد فیک نیوز کی نشاندہی کرنا اور سوشل میڈیا پر حکومت کے اقدامات کو مؤثر طریقے سے ترویج دینا ہوگا۔
ڈی ڈی ایم ڈبلیو کا ہیڈ آفس ڈی جی پی آر میں قائم کیا جائے گا اور یہ فیک نیوز کے فیکٹ چیک کرنے کا پابند ہوگا۔ ونگ حکومت کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی منفی مہمات کو کاؤنٹر کرے گا اور جھوٹ پر مبنی پوڈکاسٹس کا مؤثر جواب دے گا۔
ڈی ڈی ایم ڈبلیو پنجاب حکومت کے اہم اقدامات اور پالیسیوں کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی آگاہی کو بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ حکومت پنجاب نے اس نئے منصوبے کو اپنی بیک بون کے طور پر دیکھتے ہوئے اس کے ذریعے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر اپنی حکومتی بیانیے کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔