اسلام آباد (لیہ ٹی وی) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام صحت کے نظام کو جدید بنانے کی ہدایت دے دی ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے اسلام آباد کو صحت کی سہولتوں کا ماڈل شہر بنانے پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صحت کی سہولتوں تک عوامی رسائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کے کام کو تیز کرنے، مشینری و آلات کی خریداری کے لیے پری کوالیفیکیشن کا عمل شروع کرنے اور تعمیراتی کام کے ساتھ مشینری کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس سے منسلک یونیورسٹی کے لیے چارٹر کی منظوری کا عمل بھی فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔