لاہور(لیہ ٹی وی)لاہور میں میڈیا ہال کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ "میڈیا کے بغیر میرا سیاسی وجود کچھ بھی نہیں۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین میں صحافیوں اور میڈیا کا بنیادی حق تسلیم کیا گیا ہے، اور اسمبلی صحافیوں کے حقوق کی پاسداری کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی جمہوریت کی علمبردار ہے اور سیاست اور جرائم میں فرق کرنا ضروری ہے۔ اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے او آئی سی سمٹ کی میزبانی کی ہے اور اب جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل سی پی اے کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے اور مقبولیت کی اہمیت ضرور ہے، لیکن ذمے داری کا بھی پورا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر دہشت گردی کے عفریت سے جان چھڑانے اور بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور تجارت شروع کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔