لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)بیٹیاں سب کی سانجھی، فلاحی ریاست کا ایک اور خواب حقیقت میں ڈھل گیا۔ ضلع لیہ میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا دھی رانی پروگرام تاریخی ثقافت کا رنگ بھرنے کی شاندار تقریب مقامی مارکی میں منعقد ہوئی۔ دھی رانی پروگرام کے روح رواں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے دھی رانی پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دھی رانی پروگرام کے تحت 88 جوڑووں کو رشتہ ازدواج میں بندھا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت جوڑوں کو 88 لاکھ روپے کی سلامی بھی پیش کی گئی۔تقریب میں 1700 سے زائد مہمانوں کی مہمان نوازی کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار،ڈی پی او محمدعلی وسیم، ممبر صوبائی اسمبلی علی اصغر خان گورمانی، سابق ممبران اسمبلی ثقلین شاہ بخاری، صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، سابق صوبائی وزراءملک احمد علی اولکھ ، مہر اعجاز احمد اچلانہ، سابق صوبائی ممبران اسمبلی چوہدری طاہر رندھاوا ، عبد الشکور سواگ، رفاقت گیلانی،محبوب الحسن سواگ، مہر اسلم سمرا، ڈویژنل ڈائریکٹر سول ویلفیئر مہر مظہر عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر صائمہ سیماب،سوشل ویلفیئرآفیسرمخدوم جاوید عباس،اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمیدخان ونور محمد، افسران، معززین علاقہ، میڈیا نمائندگان اور نوبیاہتا جوڑوں کے عزیز و اقارب موجود تھے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دھی رانی پروگرام ایک بے مثال انقلابی اقدام ہے جو حقیقی فلاحی ریاست کی بنیاد بنائے گاآج ہم نے فلاحی ریاست کا عملی نمونہ پیش کیا ہے جہاں وزیراعلی نے بیٹیوں کے لئے شفیق ماں اور والدین کے لئے شفیق بیٹی کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیٹیوں کے خواب اور والدین کی آرزوں کو سچ کر دکھایا ہے لوگوں کا سہارا اور دست بازو بننا ہی فلاحی ریاست کا اوّلین اصول ہے اور ہم اس اصول پر گامزن ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز شریف کا مقابلہ صرف خدمت خلق سے ہی ممکن ہے حکومت پنجاب نے اپنی بیٹیوں کی شادیاں کروا کر سب کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ ہم نے 35 اضلاع میں 1500 جوڑوں کی رخصتی یقینی بنائی ہے جس کا پہلا مرحلہ15 فروری کو مکمل ہوگا جبکہ دوسرے مرحلہ میں 3 ہزار جوڑوں کا گھر بسائیں گے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے خوشیوں کی دعا دی ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام خواتین کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق اور خودمختاری کے عزم کا عملی مظہر ہے جسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن صوبہ کی عوام کی خدمت ہے دھی رانی پروگرام اس کا بہترین نمونہ ہے مستحق طبقہ نے اپنی بیٹیوں کی شادیاں کرنے میں بڑی سہولت محسوس کی ہے اس پروگرام کو وسعت دے رہے ہیں دھی رانی پروگرام حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کے قیام کی عملی تعبیر ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر لیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور ان کی ٹیم کو شاندار انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دھی رانی سلامی کارڈز کے ذریعے ایک لاکھ روپے کی سلامی پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی رخصتی بہت بڑا فریضہ ہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فرض کی اس ادائیگی کو آسان کر دیا ہے دعا ہے کہ تمام نوبیاہتا جوڑے ہنسی خوشی آباد رہیں۔ تقریب کے اختتام پر سابق ممبر قومی اسمبلی ثقلین شاہ بخاری نے دعا کروائی ۔