لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) لیہ میں نوسربازوں نے محکمہ ریونیو کے درجہ چہارم کے ملازم کو جعلسازی کا نشانہ بنا کر 2 لاکھ 55 ہزار روپے ہتھیا لیے۔ جعلی تھانیدار بن کر بیٹے کی رہائی کے نام پر رقم بٹور لی گئی۔تفصیلات کے مطابق تحصیلدار آفس لیہ میں تعینات نائب قاصد محمد بلال نے تھانہ سٹی لیہ میں مقدمہ درج کرایا ہے کہ اسے ایک نامعلوم شخص نے خود کو تھانہ صدر کا اے ایس آئی ظاہر کرتے ہوئے فون کیا۔ جعلساز نے دعویٰ کیا کہ اس کا بیٹا محسن بلال تھانہ صدر میں بند ہے اور اس پر زیادتی کا الزام ہے۔ نوسرباز نے بیٹے کی رہائی کے لیے فوری طور پر 3 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ والد ہونے کے ناطے پریشان محمد بلال نے مختلف نمبرز پر دو لاکھ 55 ہزار روپے بھیج دیے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ سب ایک فراڈ تھا۔ جب اس نے حقیقت جاننے کے لیے متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کے بیٹے کے خلاف کوئی کیس درج ہی نہیں اور اسے کسی نے گرفتار نہیں کیا۔ واقعے کے بعد سٹی پولیس لیہ نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں میں اس جعلسازی کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ ریونیو کے ایک درجہ چہارم کے ملازم کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر بھی کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے متاثرہ شخص کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔