دبئی (لیہ ٹی وی) وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل شدہ میکرو اکنامک استحکام پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ آئی ایم ایف چیف نے معاشی اصلاحات میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہی ہے اور افراط زر میں کمی کے ساتھ کارکردگی بہتر ہو رہی ہے۔