لیہ:دریائے سندھ میں ڈوبنے والے دونوں افراد کی نعشیں ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے دوسرے روز سرچ آپریشن کے دوران تلاش کر لیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق لیہ تونسہ پل کے مقام پر مچھلی کے شکار کے دوران تین شکاری کشتی پر سوار تھے کہ موسم کی خرابی کے باعث دو افراد نے کشتی سے دریا میں چھلانگ لگا دی، جبکہ کشتی پر سوار تیسرا شخص محفوظ رہا۔ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے دونوں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے دوسرے روز بھی سرچ آپریشن جاری رکھا۔ سکوبا ڈائیونگ اور کشتیوں کے ذریعے سرچ آپریشن کرتے ہوئے واقعہ کے مقام سے تقریباً 10 کلومیٹر دور جکھر پکا سپر کے قریب دونوں افراد کی نعشیں تلاش کر لی گئیں۔جاں بحق افراد کی شناخت 32 سالہ محمد شہباز اور 33 سالہ محمد فضل کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق بستی سبوے والی، موضع سمرا نشیب لیہ سے تھا۔ لواحقین کی اجازت کے بعد دونوں نعشیں آبائی گھر منتقل کر دی گئیں۔ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریائے سندھ میں شکار یا کشتی رانی کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دیں۔






