لیہ: گنے کا کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے اور گنے کے سرکاری نرخ مقرر نہ کیے جانے کے خلاف جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کے زیر اہتمام لیہ شوگر ملز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح لیہ میں بھی منعقدہ احتجاج میں کسانوں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر گنے کی کرشنگ فوری شروع کرنے، کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب معاوضہ دینے اور گنے کے نرخ مقرر کرنے کے مطالبات درج تھے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع لیہ چوہدری عاصم اقبال گوجر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 15 نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود لیہ شوگر ملز میں باقاعدہ کرشنگ شروع نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مل انتظامیہ نے محض فوٹو سیشن کرکے کرشنگ شروع ہونے کی تصاویر ڈپٹی کمشنر لیہ اور کین کمشنر کو ارسال کر دی ہیں، جبکہ زمینی صورتحال یہ ہے کہ مل کی چمنیاں اور گیٹ بند ہیں اور کرشنگ کا عملی آغاز نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز ایکٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ اگر کوئی شوگر مل مقررہ تاریخ پر کرشنگ شروع نہیں کرتی تو اس کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر جرمانے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون پر عملدرآمد کروائیں اور مل انتظامیہ کو مقررہ وقت پر کرشنگ شروع کرنے کا پابند بنائیں۔ محض اعلانات اور کاغذی کارروائی سے کسانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔کسان بورڈ ضلع لیہ کے صدر چوہدری مبشر نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاکھوں ایکڑ رقبے پر گنے کی فصل تیار کھڑی ہے لیکن کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے اور گنے کے نرخ مقرر نہ کیے جانے کے باعث کسان شدید پریشانی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ کسانوں نے فصل کی تیاری پر بھاری اخراجات کیے ہیں، جن میں کھاد، بیج، زرعی ادویات، ڈیزل اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتیں شامل ہیں، لیکن بروقت کرشنگ نہ ہونے سے کسانوں کو اپنی فصل فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرشنگ میں تاخیر سے گنے کی کٹائی اور ترسیل کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے جبکہ کسانوں کو اگلی فصل کی تیاری کے لیے بھی مالی وسائل درکار ہیں۔ اگر بروقت گنا شوگر ملز تک نہ پہنچایا گیا تو کسانوں کے مالی نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شوگر مل انتظامیہ کو کرشنگ شروع کرنے کا پابند بنائیں۔چوہدری مبشر نعیم نے مزید مطالبہ کیا کہ گنے کے فی من نرخ فوری طور پر مقرر کیے جائیں تاکہ کسانوں کو اپنی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے اور وہ غیر یقینی صورتحال سے نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان ملکی معیشت اور زرعی پیداوار میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے معاشی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر لیہ، کین کمشنر پنجاب اور متعلقہ حکام لیہ شوگر ملز کی کرشنگ سے متعلق صورتحال کا موقع پر جائزہ لیں، قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں اور گنے کی خریداری و ادائیگی کے معاملات میں کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو ان کی فصل کا بروقت اور مناسب معاوضہ ملنا چاہیے اور کرشنگ سیزن میں مزید تاخیر کسی صورت کسانوں کے مفاد میں نہیں ہے۔


















