لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں ڈینگی کی صورتحال، ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ، لاروا کی موجودگی اور انسدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور، اسسٹنٹ کمشنرز ذوالفقار صابر، اصغر علی اور ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے متعلقہ فیلڈ مانیٹرز سے جواب طلب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروے کا سبب بننے والے ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ ناگزیر ہے، متعلقہ محکمے ہاٹ اسپاٹس کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور مثبت رپورٹ کی صورت میں فوری ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ لاروا کی افزائش کا سبب بننے والے مقامات کی فوری نشاندہی کرکے وہاں لاروا کش ادویات کا سپرے کیا جائے جبکہ ڈینگی سرویلنس اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلانے اور شہریوں کو گھروں و اردگرد کے ماحول میں پانی کھڑا نہ ہونے دینے کی ترغیب دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے پیش نظر ڈینگی کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مزید تیز کیے جائیں اور تمام متعلقہ افسران اپنے علاقوں میں سرویلنس کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔







