لیہ:حکومت پنجاب کی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ لیہ کے زیر اہتمام محمد علی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیہ میں طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ لیہ محمد اقبال کریم جے ٹی ڈبلیو نے طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، ہیلمٹ کے لازمی استعمال، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، اوور سپیڈ، اوور لوڈنگ اور ون ویلنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔محمد اقبال کریم نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، جبکہ ہیلمٹ کا استعمال اور محتاط ڈرائیونگ حادثات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ دورانِ ڈرائیونگ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ سے اجتناب کریں اور موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ معمولی سی احتیاط قیمتی انسانی جان کو محفوظ بنا سکتی ہے، اس لیے نوجوان ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور محفوظ ٹریفک کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔






