لیہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع لیہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت بازار کا تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا ہے کہ ضلع لیہ میں سہولت بازار کچہری روڈ نزد سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ سہولت بازار صرف اشیائے ضروریہ کی فراہمی تک محدود نہیں ہوگا بلکہ عوام کو جدید کاروباری، تفریحی اور خریداری کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت بازار میں پارکنگ، کڈز کارنر، فوڈ کورٹ جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور شہریوں کو ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ سہولت بازاروں کا منصوبہ ضلع لیہ میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اسی طرز پر فتح پور میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت بازار قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں منصوبوں پر مجموعی طور پر 92 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔







