لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 لیہ کے مطابق 26 مارچ 2026 کے دوران کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 515 کالز موصول ہوئیں، جن میں 118 ایمرجنسی کالز شامل تھیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف حادثات اور ایمرجنسیز میں متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی۔جاری کردہ رپورٹ کے مطابق موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز میں 17 روڈ ٹریفک حادثات، 85 میڈیکل ایمرجنسیز جبکہ 13 متفرق واقعات شامل تھے۔ متفرق واقعات میں 6 افراد کے گرنے کے کیسز، ایک اسپورٹس انجری، دو ڈلیوری کیسز، ایک جانور یا پرندہ ریسکیو، ایک وہیکل ایکسٹریکشن، ایک سانپ پکڑنے کا واقعہ اور ایک ورک انجری شامل تھی۔مزید برآں دو کرائم ایمرجنسیز بھی رپورٹ ہوئیں، جن میں جسمانی تشدد کے دو واقعات شامل تھے، جبکہ ایک فائر ایمرجنسی کا واقعہ بھی پیش آیا جس پر ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔مختلف حادثات اور ایمرجنسیز کے دوران مجموعی طور پر 114 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 49 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 62 مریضوں کو مزید علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، تاہم ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث متعدد قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ریسکیو 1122 لیہ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایمرجنسیز پر رسپانس کا اوسط وقت 9.58 منٹ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موٹر بائیک سروس کا رسپانس ٹائم 3.89 منٹ رہا، جو ادارے کی تیز رفتار اور مؤثر کارکردگی کا مظہر ہے۔ریسکیو 1122 لیہ کے ترجمان وسیم حیات نے کہا ہے کہ ریسکیو سروس شہریوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غیر ضروری خطرات سے گریز کریں تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔
