لیہ: اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز لیہ سدرتہ المنتہیٰ نے کہا ہے کہ جانوروں کو ایک وائلڈ لائف پارک، چڑیا گھر یا مرکز سے دوسرے مقام پر منتقل کرنا محکمہ وائلڈ لائف کے معمول کے انتظامی امور کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے مختلف چڑیا گھروں، وائلڈ لائف پارکس اور بریڈنگ سینٹرز میں جنگلی حیات کی مختلف اقسام موجود ہیں، جہاں جانوروں کی فلاح و بہبود، افزائش نسل اور بہتر دیکھ بھال کو مدنظر رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً منتقلی کے فیصلے کیے جاتے ہیں۔ان کے مطابق جانوروں کی منتقلی کے فیصلے ان کی تعداد، نر اور مادہ کی مناسب شرح، افزائش نسل کے تقاضوں، رہائشی سہولیات، تعمیر و مرمت اور دیگر انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں، جبکہ متعلقہ ماہرین کی آرا اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف پارک فتح پور میں جانوروں کی صحت، خوراک، پانی، رہائش اور دیکھ بھال کے لیے مناسب انتظامات موجود ہیں۔ علاج معالجے اور طبی نگرانی کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کے دو ویٹرنری ڈاکٹر تعینات ہیں، جبکہ صفائی اور روزمرہ دیکھ بھال کے لیے متعلقہ عملہ بھی فرائض انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف جانوروں کی فلاح و بہبود، صحت مند ماحول کی فراہمی اور بہتر دیکھ بھال کے لیے تمام متعلقہ امور کی نگرانی کرتا ہے۔



