لیہ: مائنز اینڈ منرلز کے ٹھیکوں، نرخوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے کرایوں کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ اویس سرور کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریت کے ٹھیکہ شدہ زونز، نرخوں، کرایوں اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرلز ڈیرہ غازی خان معین خان، ٹھیکیداران اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اویس سرور نے کہا کہ محکمہ مائنز اینڈ منرلز ٹھیکے پر دیے گئے تمام مقامات کا سروے کرے گا۔ ٹھیکوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے نرخوں اور کرایوں کا تعین اخراجات اور آمدن کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ حقائق کی روشنی میں مناسب سفارشات مرتب کی جاسکیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر لیہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جو متعلقہ امور کا جائزہ لے کر نرخوں اور کرایوں کے تعین کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔




