لیہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر حیات اللّہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات، ادویات، علاج معالجہ اور طبی عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ شبیر احمد ڈوگر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں صفائی، مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ دریں اثناء اے ڈی سی جی نے کالج روڈ پر صفائی ستھرائی اور بیوٹیفکیشن کے کام کا بھی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ فہد نور بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔







