لیہ:ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد ریاض نے مہم کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع لیہ میں انسداد پولیو کی قومی مہم 12 سے 15 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 35 ہزار 690 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی، مہم کے لیے ضلع کی 44 یونین کونسلوں میں 1797 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی جن میں 1661 موبائل ٹیمیں، 78 فکسڈ ٹیمیں اور 58 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 348 ایریا انچارجز اور 44 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی مہم کے انتظامات میں خدمات انجام دیں گے۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور ٹیموں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے جبکہ والدین اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔







