لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا ہے کہ تاجر برادری، صنعت کاروں اور نئے کاروبار کے خواہش مند افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ نئے کاروبار کے قیام کے لیے این او سی کے اجراء میں تساہل پسندی اور مصنوعی رکاوٹیں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ای بز پورٹل کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ اویس سرور، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، اصغر علی، ذوالفقار صابر اور متعلقہ انفورسمنٹ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ تجارت اور کاروبار کا فروغ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاروباری حضرات کو این او سی کے اجراء کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے بچایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری افراد کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ای بز پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں اور این او سی کے اجراء کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔





