لیہ: ضلع لیہ کے لیے ایک اور اعزاز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے کیے گئے انتظامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے مستقبل میں لیہ میں مستقل ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سینٹر کے قیام کی نوید سنا دی۔ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے بتایا کہ یونیورسٹی آف لیہ حافظ آباد کیمپس میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران طلبہ، والدین اور گارڈینز کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے جنہیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ مستقل ٹیسٹ سینٹر کے قیام سے آئندہ لیہ اور گردونواح کے طلبہ کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے بہتر اور آسان سہولیات میسر آئیں گی۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے موقع پر طلبہ اور ان کے والدین و گارڈینز بھی انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ٹیسٹ سینٹر پر پارکنگ، صفائی ستھرائی، بیٹھنے، پینے کے صاف پانی، ٹرانسپورٹیشن، سکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا تھا۔انہوں نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے شفاف اور کامیاب انعقاد میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ اداروں، افسران اور اہلکاروں کو بہترین خدمات انجام دینے پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔





