لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن صحت مند پنجاب اور معیاری طبی سہولیات سب کے لیے کے تحت ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، وارڈز، ادویات کی دستیابی، بجلی کی سہولیات اور سٹاف کی حاضری سمیت دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے مجموعی صفائی نظام میں مزید بہتری لائی جائے اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پیڈز وارڈ کے سامنے موجود بنچز کی پینٹنگ اور مریضوں کی سہولت کے پیش نظر سیڑھیوں میں ضروری ردوبدل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر حیات اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔







