لیہ:تھل جیپ ریلی کے مڈ پوائنٹ رکھ خیرے والا تحصیل چوبارہ میں لیہ تھل میلہ سج گیا، 11ویں تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔


ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے پرچم کشائی کرکے لیہ تھل میلہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا، فضاء میں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے اور کبوتر آزاد کیے گئے۔ افتتاحی تقریب میں سابق پارلیمنٹیرینز سید ثقلین شاہ بخاری، صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، عبدالشکور سواگ، چوہدری طاہر رندھاوا، چوہدری بشارت رندھاوا، محبوب الحسن سواگ، ملک عثمان علی اولکھ، قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار حسن نواز، عابد انوار علوی، مہر اسلم سمراء، ملک مظفر اقبال دھول، مجید میرانی، قیصر وڑائچ، معروف ریسرز صاحبزادہ محمد علی سلطان، میر نادر مگسی، قیصر عباس مگسی، میر عامر مگسی، اطہر خان خاکوانی، عبداللہ سلیمان البلوشی، شفیع الدین، ریحان قریشی، غلام حیدر رضوی، منیجر آپریشنز ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب فرحت حسین فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ، ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ سجاد حیدر شاہ، اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز حبیبہ مریم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، سی ای او ایجوکیشن عبدالحفیظ، ضلعی محکموں کے سربراہان، میڈیا نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی جھومر پیش کی گئی جبکہ اونٹ ڈانس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اس موقع پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کے انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کرنے کی کوشش کی گئی ہے جنہیں معروف ریسرز نے بھی سراہا ہے عوام کی تفریح طبع کے لیے چار روزہ رنگا رنگ ثقافتی میلہ سجایا گیا ہے جبکہ میوزیکل نائٹس سمیت مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور شرکت کرکے اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت اور میڈیا کے تعاون سے تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کو مثالی ایونٹ بنائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ آئندہ سال یہ ایونٹ لیہ سے شروع ہوگا اور لیہ میں ہی اختتام پذیر ہوگا۔






