لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سویرا حسن شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع بھر میں 12 بھٹہ خشت کا معائنہ کیا۔ دوران معائنہ 3 بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مطابق بھرائی نہ ہونے پر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر دو بھٹہ مالکان کو مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ایک بھٹے کی غیر قانونی بھرائی موقع پر مسمار کر دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سویرا حسن شاہد نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والے عوامل کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بھٹہ مالکان کو ہدایت کی کہزگ زیگ ٹیکنالوجی اور محکمہ ماحولیات کے مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






