لیہ:کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امن کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت اور اس کی پہچان ہے، ضلع لیہ کے عوام نے ہمیشہ امن، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کی شاندار روایات کو فروغ دیا ہے، ان روایات کو برقرار رکھنا تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یہ بات ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آر پی او ڈی جی خان اظہر اکرم، ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر، ڈی پی او حسن جاوید، اے ڈی سیز شبیر احمد ڈوگر، محمد اویس سرور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، علماء کرام، تاجران اور معاشرے کے تمام طبقات کو امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ عوامی تعاون کے بغیر امن و امان کے انتظامات کو مکمل طور پر مؤثر بنانا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواہوں، اشتعال انگیزی اور انتشار سے اجتناب کرتے ہوئے باہمی اعتماد، برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے تاکہ ضلع میں قائم پرامن ماحول مزید مضبوط ہو۔
آر پی او اظہر اکرم نے کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس بھرپور انداز میں فرائض انجام دے رہی ہے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں، علماء کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا امن عامہ سے متعلق مسئلے کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اجلاس میں امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے اراکین نے ضلع میں امن و امان، مذہبی رواداری، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔






