لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اویس سرور، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، ذوالفقار صابر، اصغر علی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا محمد بلال، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر شیخ محمد شعیب، انچارج سیکورٹی برانچ انسپکٹر محمد اسماعیل، پراسیکیوٹر پیرا ایڈووکیٹ احمد عثمان، پیرا انفورسمنٹ اور انفارمیشن افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔ کمیٹی پیرا کی کارکردگی، مختلف اداروں کے مابین باہمی رابطہ کاری، آپریشنز اور دیگر متعلقہ امور کا باقاعدگی سے جائزہ لے گی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس اپنے فرائض جانفشانی، شفافیت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے۔ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ امور میں تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔





