لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تیزی سے بدلتے ہوئے تقاضوں نے تعلیمی نظام اور اساتذہ کرام کی ذمہ داریوں کو مزید اہم بنا دیا ہے،نئی نسل کو محض نصابی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں جدید علوم، عصری ضروریات اور بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اساتذہ کرام اپنی علمی بصیرت، تدریسی صلاحیت اور تربیتی کردار کو بروئے کار لاتے ہوئے طلبہ کی ایسی ذہنی و فکری آبیاری کریں کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا اعتماد اور قابلیت کے ساتھ سامنا کر سکیں۔ معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی، تخلیقی صلاحیتوں اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ایک باشعور، باصلاحیت اور ذمہ دار نسل پروان چڑھ سکے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز بہادر ڈیجیٹل لائبریری کے آڈیٹوریم میں ضلع بھر کے سکول سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ اصغر علی چیمہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم ڈاکٹر محمد قیوم موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے جس سے وابستہ افراد پر نئی نسل کی تعلیم و تربیت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اساتذہ کرام عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے تدریسی طریقہ کار کو مزید مؤثر بنائیں اور طلبہ کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور بدلتے ہوئے معاشرتی حالات سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے ساتھ ان میں اخلاقی اقدار، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور مثبت سوچ کو بھی پروان چڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکول محض کتابی تعلیم کے مراکز نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر و تشکیل کے اہم ادارے ہیں اساتذہ کرام تعلیمی معیار کی بہتری، طلبہ کی حاضری، اساتذہ کی کارکردگی اور سکول کے مجموعی ماحول پر خصوصی توجہ دیں طلبہ کی دلچسپی اور صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلوں، تقریری مقابلوں، ادبی سرگرمیوں اور دیگر مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ ان کی شخصیت ہمہ جہت انداز میں پروان چڑھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ کرام اپنی ذمہ داری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے ایک قابل، باکردار اور روشن فکر نسل تیار ہو سکے۔اس موقع پر گزشتہ دنوں اعلی افسران کے گورنمنٹ ہائی سکول عبداللہ والا کے معائنہ کے دوران بہترین کارکردگی پر پرنسپل محمد رفیق کو شاباش دی گئی۔





