لیہ: ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں ریسکیو 1122 لیہ کے افسران و اہلکاروں سمیت ضلع بھر کے سرکاری محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شبیر احمد ڈوگر بھی شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 لیہ ڈاکٹر سجاد احمد ملک کی نگرانی میں ریسکیو اہلکاروں نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد ملک نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ ریلی کے دوران ’’پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔







