لیہ:ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب ایجنسی میں رجسٹرڈ ایفکو کمپنی شرائط و ضوابط پورے کرنے اور مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی ہے، جبکہ کمپنی کی جانب سے ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے کمیٹی روم میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے مذکورہ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے اور سکیورٹی کی مد میں جمع رقم سے ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کی سفارشات ڈویژنل کمیٹی کو بھجوا دی ہیں۔ ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ کی جانب سے ایفکو کمپنی کو کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ ضلع لیہ کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لیے دیانتداری سے کام کیا جا رہا ہے، شہر کا نقشہ بدل رہا ہے اور عوام کو خوشگوار و مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 286 بستروں پر مشتمل جنرل ہسپتال اور بہادر ڈیجیٹل لائبریری تکمیل کے مراحل میں ہیں، جبکہ ٹراما سنٹر چوک اعظم مکمل کرکے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔ جنرل بس سٹینڈ، جمخانہ اور مریم نواز سپورٹس ایرینا سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ لیہ اور فتح پور میں 92 کروڑ روپے کی لاگت سے 2 نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے، جن میں پلے لینڈ اور جوائے لینڈ کی سہولیات بھی شامل ہوں گی، جبکہ ایک ارب روپے کی لاگت سے ماڈل کیٹل مارکیٹ چوک اعظم کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میڈیکل کالج کے منصوبے کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سڑکوں کی بحالی، پارکس اور گرین بیلٹس کی شادابی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی تکمیل سے شہر کے سیوریج مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کی جانب سے عوامی سہولت کے لیے واسا پارک قائم کر دیا گیا ہے جبکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔ سیوریج کے مسائل پر واسا کی جانب سے فوری کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ سمرا نشیب میں دریائی کٹاؤ کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوٹس لے لیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے افسران اور مشینری موقع پر پہنچ رہے ہیں جبکہ سٹڈ بند کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریائی کٹاؤ سے متاثرہ خاندانوں کو تیار کھانا اور خشک راشن فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش کے لیے سرکاری اراضی فراہم کرنے کے انتظامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔






