لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی )ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت بیوٹیفیکیشن آف لیہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر زوہیب کریم ودیگر موجود تھے۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری و مجوزہ بیوٹیفیکیشن اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران اہم شاہراہوں کی خوبصورتی، صفائی، گرین بیلٹس، یکساں سائن بورڈز، دکانوں کے فرنٹ ایلیویشن، شٹرز کی پینٹنگ، غیر ضروری اشتہاری بورڈز اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق مختلف تجاویز اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں کو صاف، خوبصورت، منظم اور دیدہ زیب بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع کی تمام اہم شاہراہوں بالخصوص ہسپتال روڈ، عیدگاہ روڈ،تحصیل کروڑ لعل عیسن اور تحصیل چوبارہ میں بیوٹیفیکیشن کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اہم تجارتی مراکز میں دکانوں کے فرنٹ کو یکساں رنگ اور ڈیزائن کے مطابق بہتر بنایا جائے، دکانوں کے سائن بورڈز کو یکساں طرز پر نصب کیا جائے، غیر ضروری اور بدنما اشتہاری بورڈز، بینرز اور آویزاں مواد کو فوری طور پر ہٹایا جائے، سڑکوں کے اطراف صفائی، شجرکاری اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں کے بیرونی حصوں کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے سے بیوٹیفیکیشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔







