لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی ) اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ لعل عیسن اصغر علی چیمہ نے ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال فتح پور اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کروڑ لعل عیسن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں، ایمرجنسی، وارڈز، فارمیسی اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ ڈاکٹرز و طبی عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے زیر علاج مریضوں سے طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات اور ضروری ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ڈاکٹرز و طبی عملہ اپنی حاضری اور فرائض کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اصغر علی چیمہ نے میونسپل کمیٹی فتح پور کا بھی دورہ کیا اور افسران و عملے کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور نکاسیٔ آب کی مشینری کو مکمل فعال رکھا جائے اور ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ عملہ الرٹ رہتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائے۔اسسٹنٹ کمشنر نے فتح پور سہولت بازار کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کی پڑتال کی۔ انہوں نے مختلف سٹالز پر سرکاری نرخ ناموں کی موجودگی اور ان کے مطابق اشیاء کی فروخت کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں اور صارفین کو مقررہ قیمتوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فتح پور میں زیر تعمیر نادرا عمارت کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا معائنہ کیا۔







