ملتان 21اگست(لیہ ٹی وی)خطیر رقم کی لاگت سے جنوبی پنجاب کے کالجز اور یونیورسٹیز کی نئی بلڈنگز،بلاکس کی تعمیر ، اپ گریڈیشن اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہائیر ایجوکیشن کے جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، یہ بات جنوبی پنجاب کے کالجز اور یونیورسٹیزکے مسائل کو حل کرنے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کی مختلف اسکیموں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور یونیورسٹیوں کے ڈائریکٹرز (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) کے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق، ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف سمیت ہائیرایجوکیشن کے متعلقہ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد کو ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں ہائیرایجوکیشن کے جاری و نئے منصوبوں ، جنوبی پنجاب کے تمام کالجز میں فنڈز کے استعمال اور دیگر معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سپیشل سیکریٹری نے ہدایت کی کہ ہائیرایجوکیشن کی اسکیموں پر کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کی نگرانی کی جائے گی ، انہوں نے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرزکو کالجز کی بہتری کے لیے عمومی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔