پشاور (لیہ ٹی وی) تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی میں گروپنگ کی کوئی گنجائش نہیں اور جو لوگ محنت نہیں کریں گے، انہیں آگے بڑھنے نہیں دوں گا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ صوابی جلسہ انتہائی کامیاب رہا، تاہم اس سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہیں کسی صورت آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی کو تحریک انصاف میں رہنا ہے تو بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ اپنے ساتھی رہنما شکیل خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکیل خان ایماندار شخص ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، ان کے حق میں آواز اٹھاؤں گا، چاہے کسی کو یہ بات پسند آئے یا نہ آئے۔ جنید اکبر نے صوابی جلسے میں عوام کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توقعات سے زیادہ لوگ جلسے میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ اراکین اسمبلی کو جلسے کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے؟ جس پر جنید اکبر نے دوٹوک جواب دیا کہ اگر کسی نے یہ کہا کہ اسے فنڈز نہیں ملے تو وہ سیاست چھوڑ کر کوئی دکان کھول لے، کیونکہ پیسوں کے بغیر سیاست نہ کر سکنے والے پارٹی کے نام پر دھبہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ محنت نہیں کریں گے، ان کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔