اسلام آباد (لیہ ٹی وی) سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت جاری ہے۔ بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین کر رہے ہیں۔ دوران سماعت، ملٹری کورٹ سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل کنندہ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز اپنی غیر حاضری کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریفک میں پھنسنے کے باعث سپریم کورٹ نہیں پہنچ سکے تھے، جس پر جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ "جس نے عدالت پہنچنا تھا، وہ تو پہنچ گیا تھا۔” جسٹس جمال مندوخیل نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے "2 ججز” نہیں بلکہ "2 لوگ” کہا تھا۔ انہوں نے وکیل سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی اپنے دلائل مکمل کرنے کی کوشش کریں، جس پر وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کل تک دلائل مکمل کر لیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وکلاء کی عدم حاضری کے باعث کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی۔