لیہ ٹی وی: 23 جنوری – وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی رہنماؤں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان صلح کرواتے ہوئے انہیں ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے گریز کرنے کی یقین دہانی حاصل کر لی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے دونوں رہنماؤں سے رابطہ کر کے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس کا فائدہ مخالفین کو ہوگا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شیر افضل مروت نے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ گفتگو میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے وزیرِ اعلیٰ کے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل علی امین گنڈاپور نے انہیں فون کر کے دونوں رہنماؤں کے درمیان تنازع ختم کرنے اور بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یہ اقدام پارٹی اتحاد اور سیاسی استحکام کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔