9 مئی کے 25 مجرمان کو سزائیں، فوری انصاف کا مطالبہ: خواجہ آصف
سانحۂ 9 مئی کے سہولت کاروں کی حوصلہ افزائی تاخیر کے باعث ہوئی، منصوبہ سازوں پر قانون کا ہاتھ ڈالنا ضروری: وزیرِ دفاع
اسلام آباد (لیہ ٹی وی) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سانحۂ 9 مئی کے 25 ملزمان کو سزائیں دیے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مجرمان کو فوری انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے سزا ملنی چاہیے تھی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی طرح انصاف کی فوری فراہمی ہونی چاہیے تھی، لیکن تاخیر کے باعث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھے۔
وزیرِ دفاع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاریک دن کی مذمت سے گریز کرنے کا عمل شہداء اور غازیوں کی توہین کے مترادف ہے، جس سے جرم کرنے والوں کو ہیرو بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نے اب تک صرف ان کارکنوں کو گرفت میں لیا ہے جو استعمال ہوئے، لیکن جب تک اس دن کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، اس عمل کو مکمل نہیں سمجھا جا سکتا۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ اگر قانون ان منصوبہ سازوں پر ہاتھ نہیں ڈالتا تو یہ سلسلہ نہ صرف جاری رہے گا بلکہ ایسے عناصر کے حوصلے بڑھیں گے جو وطن دشمنی کی بنیاد پر ملک میں انتشار پیدا کرتے ہیں۔