کراچی (لیہ ٹی وی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے مہاجر کلچرل ڈے منانے کے اعلان کو ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے نہ صرف سراہا بلکہ اس دن کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ کے اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کارکنوں کو مہاجر کلچرل ڈے کی تیاریوں کی ہدایت کی۔ ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مہاجر کلچرل ڈے کراچی کی مختلف قومیتوں کو یکجا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا، "ہمارا پیغام ہے کہ آپ ہمیں تسلیم کریں، ہم آپ کو تسلیم کریں گے۔مہاجر کلچرل ڈے کی مرکزی تقریب 24 دسمبر کو منعقد ہوگی، جس کے لیے کریم آباد سے مزار قائد تک ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی میں فاروق ستار اور دیگر اہم رہنما شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بلدیاتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی نمائندے ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر نے کبھی کسی کے خلاف بات نہیں کی، اور مہاجر کلچرل ڈے کا انعقاد شہر میں اتحاد اور ہم آہنگی کا مظہر ہوگا۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مہاجر کلچرل ڈے کو شاندار طریقے سے منانے کے لیے بھرپور تیاری کریں اور اس دن کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔