لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لیہ میں 3 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر اور 95 کلومیٹر سیوریج پائپ لائنز بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس پر 6 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بستی ککڑ والا، بائی پاس روڈ اور ہاؤسنگ کالونی نمبر 3 میں نئے ڈسپوزل اسٹیشنز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پروگرام کے تحت انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک اور ڈرین کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع لیہ میں سیوریج نظام کی بہتری، ٹف ٹائلز کی تنصیب، پارکوں، گرین بیلٹس، سڑکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے ترقیاتی اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5 پیکیجز کے کنٹریکٹرز کو موبلائز کر دیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی کاموں پر عملی پیش رفت جاری ہے۔ سڑکوں کی خوبصورتی، سٹریٹ ٹف ٹائلز اور سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں کے لیے 1.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ضلع لیہ کی ترقی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکیج فراہم کیا گیا ہے، جس سے ضلع میں سیوریج، سڑکوں کی بحالی و خوبصورتی، ٹف ٹائلز اور سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس پراجیکٹ کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کام اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل ہو سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ فہد نور، ایکسیئن ہائی وے میاں سجاد، اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محمد سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ نے شرکت کی۔







