لیہ:حکومت پنجاب کی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ لیہ کی جانب سے زیارت مقدسہ مریم 270/ٹی ڈی اے لیہ میں مسیحی برادری کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ لیہ محمد اقبال کریم نے شرکاء کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، ہیلمٹ کے استعمال، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور ون ویلنگ کے خطرات کے بارے میں بھی بتایا۔شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے حادثات سے بچا جا سکتا ہے اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔محمد اقبال کریم نے زور دیا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے، مقررہ رفتار کی پابندی کی جائے اور خطرناک ڈرائیونگ سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور ذمہ دارانہ رویہ اپنا کر محفوظ ٹریفک کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔




