لیہ: ضلع میں رجسٹرڈ، زیرِ کارروائی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا جامع سروے کر کے ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز، اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز ہاؤسنگ سکیموں کا آن گراؤنڈ معائنہ کریں گے۔ رجسٹرڈ کالونیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد، زیرِ کارروائی سکیموں میں حائل رکاوٹوں اور قانونی تقاضوں سے متعلق جائزہ رپورٹ مرتب کی جائے گی جبکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیرِ صدارت گزشتہ روز ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلق کمیٹی روم میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز شبیر احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ اویس سرور، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، ذوالفقار صابر، اصغر علی، ضلع کونسل و میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی ایک کھلا فراڈ ہے جس کے باعث شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے اور ضرورت کے مطابق انہیں فی الفور سیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ کالونیوں کا موقع پر معائنہ کر کے طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے جبکہ رجسٹریشن کے لیے زیرِ کارروائی ہاؤسنگ سکیموں میں حائل رکاوٹوں اور قانونی تقاضوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں بغیر منظور شدہ نقشہ جات تعمیرات کے خلاف بھی قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے مزید ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔





